وزیراطلاعات ونشریات عطا اﷲ تارڑ نے آج (بدھ کو)ریڈیوپاکستان ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ پاکستان ترکیہ فرینڈشپ میوزیم کا افتتاح کیا ۔
ترکیہ کی وزارت ثقافت کے ذیلی ادارے TIKA کے تعاون سے قائم کیاگیا یہ میوزیم تاریخ میں قوم کی تعمیر میں پاکستان کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراطلاعات ونشریات عطا اﷲ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریڈیوپاکستان کی شاندار تاریخ کو بھرپور انداز میں محفوظ اور پیش کرنے میں ترکیہ کے تعاون کوسراہا ۔
وزیر اطلاعات نے قومی ترقی میں ریڈیوپاکستان کے کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ریڈیوپاکستان نے تعلیم، فنون اور ثقافت کے فروغ کے علاوہ آگاہی پروگراموں کے ذریعے معیشت مستحکم کرنے میں نمایاں کردارادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ قومی براڈ کاسٹر قدرتی آفات میں ہمیشہ سے رابطے کا موثر ذریعہ رہا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قومی نغموں نے جنگ کے دوران مسلح افواج اورقوم کے حوصلے اور جذبے کو بلند رکھا ۔
عطااﷲ تارڑ نے یقین ظاہر کیا کہ یہ میوزیم پاکستان ترکیہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی گہری اور لازوال دوستی ہے اوردل سے دل تک کا مضبوط تعلق ہے ۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوگلو نے کہاکہ TIKA نے گزشتہ چودہ سال کے دوران پاکستان میں مختلف شعبوں میں تقریباً سات سو منصوبے مکمل کئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی تعلقات ہیں جو عوام کے درمیان مضبوط روابط سے جڑے ہوئے ہیں انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے اپنی حکومت کے عزم کااظہارکیا ۔
پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے اپنے افتتاحی کلمات میں میوزیم کے قیام میں تعاون فراہم کرنے پر ترکیہ کی حکومت کا شکریہ اداکیا۔
سلجوق فن تعمیر کی جھلک پیش کرنے والے عجائب گھر میں شرکاء کو ریڈیوپاکستان کی قابل فخر تاریخ سے روشناس کرایاگیا۔