صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے صحت کے شعبے پر بوجھ کم کرنے کیلئے متعدی اور غیر متعدی امراض سے بچائو پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بدھ کےر وز اسلام آباد میں آزاد جموں وکشمیر میڈیکل کالج کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صحت کا شعبہ 22کروڑ سے زائد آبادی کی ضروریات کو پورا نہیں کرسکتا۔صدر نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور پاکستان کو طلبہ کی تجزیاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دیتے ہوئے بدلتی صورتحال کے مطابق اپنا تعلیمی نظام ڈھالنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتوں کو بہتر کرنا چاہیے کیونکہ یہ شعبہ زندگی کے ہر پیشے میں وسیع ایپلی کیشنز کا حامل ہونے جارہا ہے۔