نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے متعلقہ افراد کو کورونا وبا سے بچاو کی دوسری ویکسین لگانے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ طویل مدتی فوائد کیلئے آبادی کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ کیا جاسکے۔ این سی او سی کا اجلاس منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر کی صدارت میں آج اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا سے بچاو کی مہم میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف عمر کے افراد کیلئے لازمی ویکسین لگوانے کے فیصلے پر عملدرآمد کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے تمام وفاقی اکائیوں پرزور دیا کہ وہ سستی سے گریز کریں کیونک خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔کورونا وبا کی موجودہ مستحکم صورتحال پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے فورم نے غیر طبی طریقہ علاج کے بارے میں ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنے پر لوگوں کو سراہا جس سے انفرادی اور مجموعی تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے میں مدد ملی۔