Saturday, 27 April 2024, 07:50:33 am
این سی او سی کے عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کیلئے تازہ ایس او پیز جاری
May 11, 2021

فائل فوٹو

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا ایس او پیز کے مطابق کھلے مقامات پر عید کی نماز کا انعقاد کریں۔

این سی او سی کا یہ اجلاس منگل کے روز اسلام آباد میں وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رواں ماہ کی آٹھ سے سولہ تاریخ تک ملک بھر میں آمد و رفت پر پابندی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ملک بھر میں عیدالفطر کیلئے گائیڈ لائنز کی بھی منظوری دی جس میں کہا گیا ہے کہ تازہ ہوا کے لئے مساجد کے دروازے اور کھڑکیاں بھی کھلی رکھی جائیں۔فورم نے مزید سفارش کی کہ ایک ہی جگہ پر عید کے دو یا تین اجتماعات مختلف اوقات میں کرانے سے لوگوں کی تعداد کم ہو جائے گی اور خطبہ مختصر کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے تاکہ نماز کے اوقات مختصر ہو سکیں۔گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ بیمار اور معمر افراد اور پندرہ سال سے کم عمر کے بچوں کو نماز میں شریک ہونے کی حوصلہ افزائی نہ کی جائے۔گائیڈ لائن میں مزید کہا گیا کہ نماز کے بعد اور اس سے پہلے کوئی اجتماع نہیں ہونا چاہئے اور آگاہی مہم کے تحت نماز کی جگہوں پر بینر اور پینافلیکس لگائے جائیں جن میں کرونا سے بچا کی حفاظتی تدابیر اُجاگر کی جائیں۔گائیڈ لائن میں مزید کہا گیا ہے کہ نماز کے دوران ماسک پہننا ضروری ہو گا۔