قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ سیکورٹی فورسز دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائیوں پر توجہ دے رہی ہیں۔
وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے آج وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ پاکستان افغانستان میں قائم فتنہ الخوارج اور داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کے خلاف برسرپیکار واحد ملک ہے۔
وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ ٹیلی وژن چینلز پر نشر ہونے والا مواد پہلے پیمرا کی جانب سے سنسرنہیں کیا جارہا تاہم قواعد وضبوابط پر عملدرآمد کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
وزیرقانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی دارلحکومت میں ٹھوس فاضل مواد ٹھکانے لگانے کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی نظام پر عملدرآمد کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اس سلسلے میں ہنگامی بنیاد پر کام کررہا ہے۔
قومی اسمبلی میں آلاس اینجلس میں آتشزدگی سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد نوید جیوا نے پیش کی جس میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں سے کہا گیا کہ وہ انسانی ہمدردی کے تحت لاس اینجلس کے متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے آگے آئیں۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن دو بجے ہوگا۔