وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو کم لاگت مکانات کی تعمیر کا جاری منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات آج(پیر کو) اسلام آباد میں ہاؤسنگ وتعمیرات کی وزارت کے جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
وزیراعظم نے ہاؤسنگ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نجی شعبے سے معاونت کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ منصوبوں میں تیسرے فریق کی توثیق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور عوام کیلئے تعمیراتی منصوبوں کیلئے بین الاقوامی سطح پر اچھی ساکھ رکھنے والی تعمیراتی کمپنیوں کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔
اجلاس کو پی ڈبلیو ڈی اور دوسرے غیر فعال اداروں کو تحلیل کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔
وزیراعظم نے پی ڈبلیو ڈی اور دوسرے غیر فعال اداروں کی تحلیل کے باعث بدعنوانی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو مکانات الاٹ کرنے کے لئے نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو سستی رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائیگا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کیلئے عالمی معیار کے ہوٹل، ہسپتال اور دوسری سہولتیں تعمیر کی جائیں۔