ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان(سی پی ایس پی)کی جانب سے آنتوں کی سرجری کی سپر اسپیشلٹی میں تربیت حاصل فراہم کرنے والا پاکستان کا پہلا ہسپتال بن کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
ہسپتال کے سرجیکل آنکولوجی کے سربراہ اور برطانیہ کے فیلوشپ سے تربیت یافتہ سرجن پروفیسر ڈاکٹر رضوان عزیز اس اہم پروگرام کے لئے ملک کے پہلے تربیت دینے والے نگران سرجن بن گئے ہیں۔
اس موقع پرڈائریکٹر ہاسپٹلز ڈاکٹر راجہ امجد محمودنے کہا کہ یہ پہچان طبی تعلیم کو آگے بڑھانے اور مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کیلئے ہمارے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کولوریکٹل سرجری کے ماہرین کو تربیت دے کرہم پیچیدہ کولوریکٹل بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف ہمارے ہسپتال کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پورے پاکستان میں طبی عمل کا معیار بھی بلند ہو گا۔
ڈائریکٹر اے این ٹی ایچ ڈاکٹر اریج نیازی نے صحافیوں کو بتایا کہ اکبر نیازی ہسپتال جامع کولوریکٹل خدمات فراہم کرنے میں سب سے آگے رہا ہے جس میں مختلف قسم کے پروگرام پہلے سے موجود ہیں۔
ہسپتال کے شعبہ کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری نے اس کامیابی کے وسیع تر اثرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں طبی برادری کیلئے ایک اہم پیشرفت ہے۔