Monday, 29 April 2024, 10:10:35 pm
سعودی عرب کے وزیرخارجہ فرحان بن فیصل وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے
April 15, 2024

 سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا ایک وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

آمد پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا شانداراستقبال کیا گیا۔

ائیرپورٹ پر وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار نے ان کا استقبال کیا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی روابط اور بھائی چارے کی عکاسی ہوتی ہے۔

سعودی وزیرخارجہ کی آمد پر بچوں نے انہیں گلدستے پیش کئے اور انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور اس موقع پر فوجی بینڈ نے دھنیں پیش کیں۔

ان کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون میں اضافے اور باہمی فائدے پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں مثبت پیش رفت یقینی بنانا ہے۔

وفد میں سعودی وزیر زراعت و آبی وسائل، وزیر صنعت و معدنی وسائل، نائب وزیر سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ، وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

یہ دورہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے حالیہ دورے کے دوران مکہ میں ان کے اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے طے شدہ مفاہمت کو آگے بڑھانے کیلئے کیا جارہا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا انتہائی عقیدت و احترام ہے۔ان کے دورے سے دونوں ملکوں کے باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا اور ان کے درمیان باہمی طور پر مفید، معاشی شراکت داری کی نئی راہیں کھلیں گی۔