Sunday, 19 January 2025, 09:00:40 pm
 
ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ،22 دہشتگرد ہلاک
January 16, 2025

 سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مختلف کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ کی 14 تاریخ سے اب تک بائیس خوارج کو ہلاک اور اٹھارہ کو زخمی کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشتگردوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متعدد حملوں کے جواب میں کی گئیں جن میں کئی بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائیاں علاقے میں امن کے قیام اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بائیس خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کئی گئی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔

صدر نے اپنے بیان میں کئی آپریشنز کے دوران بائیس دہشتگردوں کو ہلاک اور اٹھارہ کو زخمی کرنے کو سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے دہشتگرد عناصر کے خاتمے اور وطن عزیز کے تحفظ کا غیر متزلزل عزم بھی ظاہر کیا۔