Tuesday, 30 April 2024, 12:43:50 am
آرمی چیف کا ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار
April 16, 2024

 بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرنے قو م کی حمایت سے ملک سے دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لئے مسلح افواج کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔

کانفرنس میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا جن میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اورافسران اور ملک میں امن و استحکام کی خاطر اپنی جانیں قربان والے شہری شامل ہیں۔

آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران کئی دہشت گرد حملوں کو روکنے اور مرکزی دہشت گردوں کوگرفتارکرنے میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

اجلاس میں بشام میں چینی باشندوں پر دہشت گردوں کے حملے اور بلوچستان میں بے گناہ شہریوں کے قتل کی مذمت کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ افغانستان سے کارروائی کرنے والے دہشت گرد گروپ پاکستان اور اس کے معاشی مفادات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف دشمن کے آلہ کار ہیں اور علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔کانفرنس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے منگل کے روز جی ایچ کیو راولپنڈ ی میں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔

اجلاس میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں جاری جنگی جرائم اور نس کشی کی مذمت کی گئی۔اجلاس میں مسلح افواج کے خلاف مذموم پروپیگنڈہ مہم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔کور کمانڈر کاکہنا تھا یہ پروپیگنڈہ عوام اور مسلح افواج میں دوریاں پیدا کرنے کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے لیکن ان شیطانی عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔کانفرنس کے شرکاء نے ملک میں پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے حکومت کی ہر ممکن مدد کے عزم کا اظہار کیا۔