Sunday, 08 September 2024, 04:24:45 am
 
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی
July 16, 2024

محکمہ موسمیات نے آج سے اتوار تک ملک میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

موسمیاتی نظام کے تحت خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع سمیت کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 بدھ سے ہفتہ تک مری، گلیات، شمالی اور وسطی پنجاب میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بدھ سے جمعہ تک جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے متعدد اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بدھ سے جمعہ تک صوبے کے شمال اور مشرقی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم جمعرات اور جمعہ کو مٹھی، سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر، میر پور خاص اور ساحلی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں بدھ سے اتوار تک دیامیر، استور، سکردو، گلگت، گانچھے اور شگر میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں اور مری، مانسہرہ، کوہستان اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

شدید بارشیں خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔