Thursday, 31 October 2024, 01:07:11 am
 
پاکستان اور امریکہ خطے میں امن و خوشحالی کیلئے دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر متفق
October 19, 2017

پاکستان اور امریکہ نے خطے میں امن و خوشحالی کیلئے دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو میں ہوا۔امریکہ کے نائب صدر نے وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا اور امریکی شہری Catlin Coleman ، اُس کے شوہر Joshua Boyle اور تین بچوں کی بحفاظت بازیابی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاک فوج اور خفیہ اداروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

نائب صدر نے دو طرفہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں امن و خوشحالی کیلئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ملکی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے بارے میں پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکہ کے نائب صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ قابل اعتماد خفیہ اطلاعات کی فراہمی پر بروقت کارروائی کرے گا۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔نائب صدر نے وزیراعظم کی جانب سے مستقبل قریب میں دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔اس سے پہلے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلر سن نے بھی امریکی شہریوں کی بحفاظت بازیابی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔