Saturday, 27 April 2024, 03:49:13 am
پاکستان بھارت کے مذموم عزائم کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا ،وزیر خارجہ
January 18, 2021

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے مذموم عزائم اور ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا ۔آج ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اپنے سیاسی مفادات اور بھارت کے داخلی معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے علاقائی امن واستحکام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ مودی کی سازش بے نقاب ہوگئی ہے جس نے انتخابات جیتنے کیلئے پلوامہ میں چالیس بھارتی فوجیوں کو قتل کرایا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے ریاستی دہشت گردی سے متعلق ناقابل تردید ثبوت پیش کئے ہیں جبکہ ای یو ڈس انفولیب نے بھی بھارت کا مکروہ چہرہ مزید بے نقاب کیا ۔شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بھارت کے خلاف فراہم کئے گئے شواہد کا سنجیدگی سے جائزہ لے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور اب برطانوی پارلیمنٹ میں بھارت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے لیکن بھارت بدامنی پھیلانا چاہتا ہے انہوں نے کہاکہ بھارت افغانستان مین بھی مفاہمتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے ۔