وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت خانوں میں بہترین کونسلر خدمات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
منگل کے روز انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے عملہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ذمہ داری ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس دور میں ہمیں سفارتی محاذ پر بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور اس لئے ہمیں سخت محنت کی ضرورت ہے تاکہ ان مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ مرکوز کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے ملکی و بین الاقوامی میڈیا سے سفارتخانے میں گفتگو کی اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔