Saturday, 27 July 2024, 07:34:26 am
حکومت ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم
May 18, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش معاشی بحران سمیت بڑے مسائل کے حل کیلئے سخت محنت کررہی ہے۔

آج (ہفتہ)لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینٹرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگرچہ پاکستان کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت معیشت کو تیز تر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے دور میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تئیس ارب ڈالر کے منصوبے ملک میں لیکر آئے۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور دوست ریاستوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ خارجہ تعلقات بہتر بنائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں جی ڈی بی کی شرح نمو چھ سے سات فیصد کے درمیان رہی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا نواز شریف نے خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے کیلئے شدید دبائو اور پابندیوں کے باوجود پاکستان کو جوہری طاقت بنایا۔

وزیراعظم نے کہا نواز شریف نے گزشتہ دور ِ حکومت میں سخت مشکلات کا سامنا کیا۔

شہبازشریف نے اپنی جماعت کے قائم مقام صدر کے طور پر ان پر اعتماد کئے جانے پر نواز شریف اور اپنی جماعت کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن قائد محمد نواز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے ادوار حکومت میں ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے اپنے دور حکومت کے دوران ملک میں موٹروے کا جال بچھایا جس سے ملک میں آمدورفت بہتر ہوئی اور ملکی معیشت تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا اور اس سازش کے ذریعے ملک کی ترقی کا سفر روک دیا گیا۔

انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔