Tuesday, 22 October 2024, 04:06:36 am
 
بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی،2کشمیری نوجوان شہید
June 19, 2024

فائل فوٹو۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے حادی پورہ رفیع آباد میں نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک فرضی مقابلے میں شہید کیا۔اس سے پہلے اس علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

کپواڑہ، بانڈی پورہ، ڈوڈہ، ریاسی، کٹھوعہ، سانبہ، پونچھ اور راجوری اضلاع میں بھی پرتشدد فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف احتجاج کے لیے 21 جون بروز جمعہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ ہڑتال کا اعلان حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کیا۔ دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھی کال کی حمایت کی ہے۔سماجی رابطوں کی سائٹوں پر بھی وائرل پوسٹروں کے ذریعے ہڑتال کی حمایت کی جا رہی ہے۔