Tuesday, 08 October 2024, 08:55:54 pm
 
این ڈی ایم اے کی ہفتے تک خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کی پیشگوئی
August 21, 2024

قومی ہنگامی امدادی ادارے نے آج سے ہفتے کے روز تک خیبرپختونخوا میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں اور پنجاب میں مختلف مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔

بارش کی وجہ سے مقامی ندی نالوں ، دریائوں اور نہروں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے اور دریائے کابل اوراس کی معاون نہروں میں نچلے سے درمیانے بہائو کی توقع ہے ۔

بہائو میں اضافے سے خیبرپختونخوا کے ایبٹ آباد ، پارا چنار، چار باغ، چارسدہ، چترال ، دیر ، ہری پور، ہزارہ ، مالاکنڈ ، مانسہرہ، مردان ، پشاور اور صوابی کے اضلاع میں سیلاب آسکتا ہے۔

خطہ پوٹھوہار اور پنجاب میں بہاولپور، ڈی جی خان ، ملتان، رحیم یارخان، لیہ، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، گجرات ، حافظ آباد، جہلم ، لاہور، نارووال اورسیالکوٹ کے اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو سیلاب اور شدید موسم کے ممکنہ اثرات کم کرنے کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیا رکرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔