اطلاعات و نشریات کے نگران وزیر مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر یقین رکھتی ہے تاکہ ملک میں شفاف انتخابات کیلئے بہتر ماحول یقینی بنایا جاسکے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے نہ کسی سیاسی جماعت یا اس کی قیادت کو نشانہ بنایا ہے اور نہ ہی اس کے خلاف کوئی منفی بیان دیا۔
آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کے بارے میں الیکشن کمیشن کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے گا۔