Wednesday, 23 October 2024, 10:31:33 am
 
نائب وزیراعظم سامووا میں دولت مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
October 22, 2024

دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر سامووا کے دارالحکومتAPIA میں تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔

56ممالک کے مندوبین جمعے کو ہونے والے سربراہان حکومت کے اجلاس سے پہلے ہفتہ بھر جاری رہنے والے اجلاسوں اور فورمز میں شرکت کررہے ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمداسحاق ڈار سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

وہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی' اقتصادی ترقی اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان بین الاقوامی تعلقات مضبوط کرنے سمیت اہم عالمی امور اورمسائل کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

نائب وزیراعظم دولت مشترکہ بزنس فورم میں اپنے خطاب کے دوران پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے' فنی مہارت کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کو اجاگر کریں گے۔

وہ دولت مشترکہ کے رکن ملکوں کے وفود کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔