Wednesday, 23 October 2024, 08:21:27 am
 
آئینی ترمیم معاشی، سیاسی استحکام اور ملکی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہو گی،وزیراعظم
October 22, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی جانب سے دو تہائی اکثریت سے پاس کی جانے والی چھبیسویں آئینی ترمیم اقتصادی اور سیاسی استحکام اور ملکی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔

 اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُنہوں نے لوگوں کو قانونی معاملات میں درپیش تاخیر پر روشنی ڈالی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئینی ترمیم کے تحت آئینی بنچوں کے قیام سے لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئینی ترمیم میثاقِ جمہوریت کے وژن کی تکمیل بھی ہے، آئینی ترمیم باہمی مشاورت کے جذبے کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت میں ایس سی او سربراہانِ مملکت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزارتِ خارجہ، وزارتِ اطلاعات، وزارتِ داخلہ ،پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سی ڈی اے کے کردار کو بھی سراہا۔

چینی وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ دونوں دوست ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیراعظم نے معاشی صورتحال میں رفتہ رفتہ آنے والی بہتری پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 6.9فیصد تک کم ہوئی ہے جب کہ پالیسی ریٹ میں آہستہ آہستہ کمی آرہی ہے جس میں مزید کمی آنے کی توقع ہے۔