وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
آج(منگل) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت تعلیم، تفریح، روزگار، کاروبار اور کھیلوں کے شعبوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کی تشکیل شفاف انداز میں کی گئی ہے جس میں ملک سے ایک سو ارکان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے تیرہ کو نمائندگی دی گئی ہے۔
نیشنل یوتھ کونسل کی ترتیب کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کونسل میں انچاس لڑکے، انچاس لڑکیاں ،دو خواجہ سرا اور اقلیتوں کے نمائندے شامل ہیں۔
رانا مشہود نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان آنے والے دنوں میں وفاقی دارالحکومت میں ایک تین روزہ اجلاس میں اکٹھے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کونسل حکومت کی پالیسی سازی اور دیگر اقدامات میں فعال کردار ادا کرے گی۔