Saturday, 27 April 2024, 02:37:39 pm
چینی انجینئرز پر حملہ،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی،وزیراطلاعات
March 27, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت آج اسلام آبادمیں اعلی سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بشام میں چینی انجینئرز پر دہشت گرد حملے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

اجلاس کے بعد نیوزکانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اجلاس میں دہشت گردی کی لعنت کو روکنے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنانے کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی کے تحت ایک طریقہ کار وضع کیا جائے گا تاکہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میںسکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے،اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اہم تنصیبات، چینی شہریوں اور پاکستانی عوام کی سلامتی کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لازوال رشتہ برقرار رہے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ہماری لائف لائن اور معاشی ترقی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں چینی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت سکیورٹی کے معاملے پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے گوادر سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں وزیر اعلی کل گوادر کا دورہ کریں گے۔