Saturday, 27 April 2024, 01:35:34 pm
وزیراعظم کی چینی شہریوں پر دہشت گرد حملے کی جامع مشترکہ تحقیقات کی ہدایت
March 27, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے چینی شہریوں پر دہشت گردوںکے حملے کی مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے اور اس حوالے سے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات بدھ کے روز اسلام آباد میں داسو پن بجلی منصوبے پر کام کرنیوالے چینی شہریوں پر بشام دہشت گرد حملے کے تناظر میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرائ، بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور متعلقہ صوبوں کے انسپکٹرز جنرل پولیس نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے پاکستان کی توانائی اور آبی تحفظ میں کردار کے حامل ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے بے گناہ شہریوں پر گھناؤنے حملے کی مذمت کی۔

وزیراعظم نے حملے کے متاثرین کے خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔شہبازشریف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو ہدف بناتے ہوئے ایسے حملوں کا مقصد خصوصاً دونوں عظیم دوست ممالک کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔اجلاس کے شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے سرحد پار سے دہشت گردوں کی موجود پناہ گاہوں پر گہری تشویش ظاہر کی اور انسداد دہشت گردی کے لئے علاقائی سوچ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر بری فوج کے سربراہ سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم نے دو عشروں تک ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ تیزی کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے دشمن نے ایک بار پھر پاکستان کی ریاست اور عوام کی طاقت اور عزم و حوصلے کے ادراک میں غلطی کی ہے۔انہوں نے پاکستان، اس کے عوام اور اس کے مہمانوں پر میلی نگاہ ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے کام کرنے والے ہرغیرملکی شہری بالخصوص چینی باشندوں کی پاکستان میں حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ہم آخر تک پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی سے لڑیں گے۔اجلاس شرکاء کی جانب سے ریاست کو دستیاب تمام وسائل بروئے کار لا کر دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز میں لڑنے کے عزم کے اعادے کے ساتھ ختم ہو گیا۔