وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارت کو پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
خبروں کے ایک نجی چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم سے علاقائی اور عالمی امن کیلئے سنگین خطرات پیدا ہونگے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اس معاملے کی جانب دنیا کی توجہ دلائی گئی ہے جو اس کی تحقیقات کر سکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری کے دفاع کیلئے تیار ہیں اور اس اصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے گمراہ کن پروپیگنڈا مہم کا موثر طور پر جواب دینے اور حقائق منظرعام پر لانے پر پاکستانی ذرائع ابلاغ کوبھی سراہا۔
ایک اور سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھتا ہے۔