چین کے وزیر خارجہ Wang Yi نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لیے بیجنگ کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلگام حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ "دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اقوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور چین، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی حمایت، چین کے علاقائی امن و استحکام کے وسیع عزم کا حصہ ہے۔
چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین، پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ میں اس کا مضبوط شراکت دار رہے گا۔
یہ رابطہ اور چین کی جانب سے واضح حمایت، پاکستان کے لیے سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی اور سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔