Monday, 28 April 2025, 02:27:43 pm
 
نائب وزیراعظم کا قومی مفادات کے دفاع کے عزم کا اعادہ
April 28, 2025

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیرخارجہDavid Lammy سے ٹیلی فون پربات چیت کی اور انہیں موجودہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے غیرقانونی فیصلے سمیت اس کے جھوٹے الزامات، بے بنیاد پروپیگنڈے اور یکطرفہ اقدامات کے بارے میں بتایا جو بھارت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیتے ہوئے اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ نے مذاکرات اورمسائل کے پرامن حل کے ذریعے کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے حقائق کا پتہ لگانے کے لئے کسی بھی آزاد اور شفاف تحقیقات میں شرکت کے لئے پاکستان کی تیاری سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے موثر رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔