Friday, 26 April 2024, 11:42:21 pm
یورپی یونین کی انسانی صورتحال سےنمٹنےکےلئےپاکستان کےساتھ کام جاری رکھنےکی یقین دہانی
September 27, 2022

یورپی یونین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ انسانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گی اور سیلاب زدہ علاقوں کےلئے اضافی امداد دے گی۔

 یہ یقین دہانی پاکستان میں مون سون بارشوں سے آنے والے سیلاب کے بعد برسلز میں یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان میں انسانی صورتحال پر ترقیاتی کمیٹی کی بحث کے دوران شہری تحفظ اور امدادی کارروائیوں کے لئے یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ  جنرل کے یونٹ کے نائب سربراہ نے کرائی۔

 یورپی پارلیمنٹ کی ترقیاتی کمیٹی کے کئی ارکان نے متاثرین کےلئے اضافی انسانی امداد سمیت پاکستان کےقرضے معاف کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے بلجیم، لگسمبرگ اور یورپی یونین کےلئےپاکستان کے سفیر اسد مجید نے کہا کہ پاکستان کو بچاو اور امداد کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لئے اضافی مدد کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے اس ناگہانی آفت کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تباہ کن سیلاب ، خوراک، صحت اور روزگار کے بحرانوں میں تبدیل ہورہا ہے۔

 انہوں نے اضافی امداد، قرضوں کی ادائیگی میں سہولت اور ترجیجی بنیادوں پر عالمی منڈیوں تک رسائی کے ذریعے پاکستان کے لوگوں سے یکجہتی اور ان کی مدد پر زور دیا۔