Saturday, 27 April 2024, 08:14:28 pm
وزیراعظم کا سمگلروں،ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف سخت اقدامات کا عزم
March 29, 2024

وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اسمگلنگ، بجلی اورٹیکس چوری اور دوسری خامیوں پرقابوپانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

انہوںنے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور مسلح افواج سمیت تمام اداروں کو ریونیو، بجلی اور گیس کے شعبوں میں نقائص کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرناچاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں بجلی کے شعبے میں اٹھاون ارب روپے کی وصولی کی گئی جبکہ اسمگلنگ میں بھی کمی آئی ۔انہوں نے کہا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر عزم مضبوط ہوتو ہرقسم کے چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ترسیلی نقصانات کے ساتھ ملک کو سالانہ پانچ سو ارب روپے کی بجلی چوری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس چوری بھی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ٹیکس نظام میں خامیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اربوں روپے کے محصولات اب بھی ٹیکس دائرہ کار کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ٹریبونلز میں دوہزار سات سو ارب روپے مالیت کے ٹیکس مقدمات زیرالتواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کا نصف واپس لے کر غیرملکی قرضوں پر پاکستان کے انحصار کو کم کیا جا سکتا ہے جو ملک میں سرطان کے علاج کے مزید ہسپتالوں کی تعمیر، تعلیم کے شعبے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے بھی کافی ہو گی۔شہبازشریف نے کہا کہ حکومت نے نظام کی تنظیم نو اور ہرقسم کی خرابیوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے کوئی سیاسی یا افسر شاہی کا اثر و رسوخ برداشت نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مکمل طور پر ڈیجیٹل خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مثبت سمت میں گامزن کرنے کیلئے ٹریبونلز کے سربراہان کا میرٹ پر تقرر کیا جائے گا۔وزیراعظم نے مختلف قسم کے چیلنجز سے نمٹنے اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں مربوط کوششوں پر وزرائے اعلیٰ، بری فوج کے سربراہ، چیف سیکرٹریز اور پولیس کے انسپکٹرز جنرل کا شکریہ ادا کیا۔