وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو جلد اور باآسانی انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان سے گفتگو کے دوران کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت انصاف کے حصول کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور عدالتی نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام ممکنہ معاونت اور وسائل کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو مختلف عدالتی معاملات، عدلیہ میں جاری اصلاحات اور واٹر کمیشن رپورٹ سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم نے واٹر کمیشن رپورٹ کے حوالے سے جسٹس شاہد کریم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے اور اس سلسلے میں جسٹس شاہد کریم کی خصوصی توجہ اور کوششیں قابل تعریف ہیں۔