Friday, 19 April 2024, 01:15:10 pm
دوردرازعلاقوں میں تیزرفتارانٹرنیٹ سروسز مہیا کرنےکیلئے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، وزیرآئی ٹی
October 30, 2022

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے وزیر سید امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بلاتفریق براڈ بینڈ اور تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کررہی ہے ۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر نے ایک بیان میں کہاکہ ضلع تھرپارکراور گوادر میں موبائل اور تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے کی لاگت کے دو مزید منصوبوں کا آغاز کیاگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 87 کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع تھرپارکر میں شروع کیاگیا منصوبہ اٹھارہ ماہ میں مکمل ہوگا اور دس ہزار چار سوبتیس مربع کلومیٹر پرپھیلے ہوئے مختلف پسماندہ دیہاتوں کے 72 ہزار سے زائد رہائشیوں کو موبائل اور براڈبینڈ کی سہولت میسر آئے گی۔

سید امین الحق نے کہاکہ بلوچستان کے علاقے گوادرکے انیس دیہاتوں میں بسنے والے پندرہ ہزار سے زائد افراد کو براڈ بینڈ کی سہولت دینے کیلئے اٹھارہ کروڑ اکیاسی لاکھ روپے کی لاگت کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل بلوچستان اور سندھ کے دور دراز اورپسماندہ علاقوں کے مکینوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑے گی۔