Saturday, 18 April 2026, 07:50:41 am
 
مری پولیس کی جانب سے مری اور گردونواح میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ
April 01, 2026

مری پولیس کی جانب سے مری اور گردونواح میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹرمحمد رضا تنویر نے مری کی موسمی صورتحال سے متعلق خصوصی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مری اور گردونواح میں آج سے رواں ماہ کی دس تاریخ تک طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

ڈی پی او مری نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑوں سے پتھر گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاح سفر پر روانہ ہونے سے قبل موسم کی تازہ ترین صورتحال لازمی چیک کریں۔

ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ مری میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے مری میں بھاری ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈی پی او مری نے کہا کہ مری پولیس اور تمام امدادی ادارے سیاحوں کی حفاظت کے لیے ہائی الرٹ ہیں اورشہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے فوراً 15 پر کال کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاح رہنمائی کے لیے "Safe Tourism Murree" ایپ کا استعمال کریں۔