فائل فوٹو
ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں متعدد واقعات کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج کے اکیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گزشتہ روز نوکچہ کے علاقے میں کوئٹہ تفتان شاہراہ این چالیس پر مسافروں کی پرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے اور بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی چوکیاں قائم کرنے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گیارہ دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
گزشتہ رات فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کرکے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے باعث انہیں مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
کسٹمز ہائوس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز اہلکاروں کو ان کی قانونی ذمہ داریاں انجام دینے سے روکنا اور علاقے میں جرائم کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔
تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران دوافسران اور ایک کسٹمز اہلکار سمیت وطن کے چھ بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔