صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف اور ازبکستان کے برادر عوام کو ان کے 35ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ عقیدے، ثقافتی ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ ویژن پر قائم ہیں۔
انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری سیاسی، اقتصادی، تجارتی، مواصلاتی، دفاعی اور عوام کے باہمی تعلقات کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔
صدر زرداری نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور ازبکستان اپنی مشترکہ کاوشوں سے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے، علاقائی مواصلات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیں گے اور امن و خوشحالی کی امنگوں کے حصول کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔