Saturday, 05 September 2026, 09:59:15 am
 
نجی حج سکیم: پیکیجز کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر
September 04, 2026

وزارت مذہبی امور نے نجی حج سکیم کے تحت حج پیکیجز کے انتخاب اور ادائیگی کے لیے آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی ہے۔

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال نجی حج سکیم کے تحت 14 لاکھ روپے سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے تک کے 16 بنیادی حج پیکیجز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی حج سکیم کے تحت عازمین کو مختصر مدت کے حج پیکیجز، بیرون ملک سے براہ راست پروازوں اور فائیو اسٹار حج پیکیجز کی سہولت حاصل ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ بیشتر حج آرگنائزر کمپنیوں نے اپنے حج پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے ہیں۔ انہوں نے نجی عازمین پر زور دیا کہ وہ حج پیکیج کے انتخاب کے بعد ادائیگی صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کریں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال نجی حج سکیم کے لیے مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مقررہ تاریخ تک مختص کوٹہ مکمل نہ کیا گیا تو وزارت کو کوٹہ دوبارہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔