چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔
کوئٹہ گیریژن آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر انہیں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور افسران و جوانوں کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔