Sunday, 06 September 2026, 03:00:12 pm
 
وزیراعظم کا ایس ایم ایز کے لیے برآمدی انشورنس کوریج کے اقدام کا خیرمقدم
September 05, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایگزم بینک آف پاکستان کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

وہ آج لاہور میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے پاس دستیاب تمام رقوم کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین ارب روپے کا رسک پول قائم کرنے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدی قرضوں کی انشورنس کوریج میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام سے کاروباری برادری کو ملک کی برآمدات بڑھانے میں سہولت ملے گی۔

شہباز شریف نے اصلاحات متعارف کرانے پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ تنظیمِ نو کے بعد ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی قیادت نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ اور پاکستان کو سرمایہ کاری کا عالمی مرکز بنانے کے حکومتی عزم کا ثبوت ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے پاس موجود چوبیس ارب روپے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی غرض سے مختص کر دیے گئے ہیں، جبکہ بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے مزید کوئی اخراجات نہیں کیے جائیں گے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں تحقیق، ہنرمندی کے فروغ اور مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو یورپی منڈی تک بہتر رسائی کے لیے پاکستان کا جی ایس پی پلس درجہ برقرار رکھنے اور اسے مزید وسعت دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔