Thursday, 02 May 2024, 10:14:04 pm
آرمی چیف کی سعودی عرب کی زمینی افواج کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تعاون کی یقین دہانی
April 19, 2024

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کی زمینی افواج کی استعداد کار میں اضافے کیلئے پاک فوج کے مسلسل تعاون اور مدد کا یقین دلایا ہے۔

یہ یقین دہانی بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر اور سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی کے درمیان گفتگو کے دوران کرائی گئی۔ جنہوں نے آرمی چیف سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

سعودی نائب وزیردفاع نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں اور علاقائی امن واستحکام میں ان کے قابل تحسین کردار کو سراہا۔

سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں پانچویں پاک سعودی دفاعی تعاون اجلاس میں بھی شرکت کی۔

اجلاس میں عالمی اور علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور دفاعی افواج پر ان کے اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

یاد رہے کہ جدید ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ترقی سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان اہم شعبوں میں استعداد کار میں اضافے کیلئے دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دونوں فریقوں نے زمینی، فضائی اور سمندری شعبوں میں فوج کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے جامع سوچ کے ساتھ دفاعی تعاون میں کوششوں کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔