Friday, 26 April 2024, 09:46:42 am
پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں وسیع شراکت داری چاہتاہے:نویدقمر
February 23, 2023

 تجارتی اورکاروباری امورکے بارے میں امریکہ کے خصوصی نمائندے دلاورسیدنے کہاہے کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے نمایاں مواقع موجودہیں۔

انہوں نے یہ بات وزیرتجارت سیدنویدقمرسےواشنگٹن میں ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران پاک امریکہ باہمی تجارت، پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ، ملک میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے کاروباری امور اور امریکہ کو پاکستانی برآمدات سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نویدقمرنےتقریباً آٹھ برس کے وقفے کے بعدپاکستان ٹریڈانویسٹمنٹ فریم ورک معاہدے کا وزارتی اجلاس بلانے کاخیرمقدم کیااوراسے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فرو غ کے لئے انتہائی اہمیت کاحامل قراردیا۔

وزیرتجارت نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ خصوصاً آئی ٹی، ٹیکنالوجی ،زراعت اوردوسرے شعبوں میں وسیع ترشراکت داری کاخواہشمند ہے۔

 ملاقات میں فریقین نے کاروبار کی ترجیحات متعین کرنے اور باہمی روابط اور کاروبار کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنے کے لئے ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی، سیکرٹری بی او آئی اسد گیلانی اور عظمت محمود نے وزیر تجارت کی معاونت کی۔ دلاور سید کے ہمراہ الزبتھ ہورسٹ، پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے پاکستان، برائن جے میک گراتھ اور جیف روبنسٹین بھی تھے۔