Sunday, 05 May 2024, 01:12:58 am
حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وزیراطلاعات
April 25, 2024

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

نکہت شکیل خان اور دیگر ارکان کی جانب سے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی لائحہ عمل کا جائزہ لیاجا رہا ہے جبکہ دہشت گردی سے مقابلے کے لئے صوبائی حکومتوں کو بھی زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت انسداد دہشت گردی کے صوبائی ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لئے بھی خیبرپختونخوا حکومت کو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم شہبازشریف کو جرائم اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کراچی میں سیف سٹی نیٹ ورک نصب کرنے کا بھی یقین دلایا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آئین کے تحت امن وامان کا قیام صوبوں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کوشش کرنی چاہئے۔

عمر ایوب خان کی جانب سے ایک اور توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ قانونی طریقہ کار کی پیروی کرتے ہوئے تحقیقاتی اداروں کی درخواست پرکسی بھی فرد کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ، عبوری قومی شناخت کی فہرست یا بلیک لسٹ میں ڈالا جاتا ہے ۔

عطاء اﷲ تارڑ نے کہاکہ ان فہرستوں میں کسی کو رکن پارلیمنٹ ہونے کی وجہ سے نہیں رکھاجاتا ۔

قومی اسمبلی نے بعض ارکان کی جانب سے خواتین سیاسی رہنماؤں کے خلاف نازیبا اور غیراخلاقی زبان استعمال کرنے کا نوٹس لینے کے لئے قرارداد کی متفقہ منظوری دیدی ہے۔

قرارداد وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پیش کی جس میں ایوان پر تمام سیاسی خواتین اور کارکنوں کا احترام یقینی بنانے کیلئے زور دیا گیا ہے۔

اجلاس اب کل دن گیارہ بجے دوبارہ شروع ہو گا۔