Sunday, 05 May 2024, 03:39:59 am
وفاقی اور صوبائی حکومتیں سمگلنگ کے خاتمے کیلئے قریبی تعاون کے تحت کام کرینگی، وزیراعظم
April 25, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کے خاتمے اور ملک کی معیشت کومستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ایبٹ آباد میں کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی شہید کی رہائش گاہ کے دورے کے موقع پر کیا۔

شہبازشریف نے کہاکہ قوم کے اربوں ڈالر کی بچت کی جائے گی اور انھیں ملک کی ترقی وخوشحالی پرخرچ کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کو سمگلنگ کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت سے قریبی رابطے رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزیراعظم نے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ قوم ان بہادر اہلکاوں اور افسروں کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزراء عطااﷲ تارڑ اور امیرمقام کے ہمراہ شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی اورشہدا پیکج کے تحت شہید کے والد کو ایک چیک پیش کیا۔

انہوں نے اس لعنت کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی جانب سے مدد کی فراہمی پر بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کوسراہا ۔

وزیراعظم نے کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سید حسنین علی ترمذی قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

شہداء پیکج کا اعلان کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ اس پیکج کے تحت سپاہی رینک کے اہلکاروں کے اہل خانہ کو گھر کے لئے ایک کروڑ پینتیس لاکھ روپے کے ساتھ ایک کروڑ روپے نقد بھی دیئے جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ انسپکٹر کا عہدہ رکھنے والوں کے سوگوار خاندان کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی نقد رقم کے علاوہ گھر کے لئے ڈھائی کروڑ روپے بھی دیئے جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کو تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔