Saturday, 02 November 2024, 10:21:34 pm
 
بیجنگ میں چین پاکستان فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم وتربیت کے صنعتی مرکز کی نقاب کشائی
November 02, 2024

بیجنگ میں ایک خطہ ایک شاہراہ ڈیجیٹل تعلیمی ترقیاتی فورم میں چین پاکستان فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم وتربیت کے صنعتی مرکز اعلی کی نقاب کشائی ہوئی ہے۔

چین پاکستان بین الاقوامی صنعتی وتعلیمی رابطہ اتحاد کے سیکرٹری جنرل عمار محمد نے کہا کہ صنعتی شعبے سے متعلق خصوصی کمیٹیاں یکے بعد دیگرے قائم کی جارہی ہیں اور توقع ہے کہ ان کمیٹیوں کے ذریعے طلباء کو انٹرشپ اور روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیںگے جس سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی اور مقامی کمپنیوں کی جانب سے باصلاحیت افرادی قوت کی مانگ کے عین مطابق ہے۔

اس اتحاد میں اب تک چین اور پاکستان کی تین سو سے زائد یونیورسٹیوں اور کالجوں اور اسی سے زیادہ اداروں نے شمولیت اختیار کی ہے جس کی بدولت مختلف اہم شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔