Saturday, 02 November 2024, 10:26:22 pm
 
قائم مقام صدر اور وزیراعظم نے پاکستان میں استحکام کیلئے پریس کی آزادی کو ناگزیر قرار دیا
November 02, 2024

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان آزادی صحافت اور آزادی اظہارِ رائے پر پختہ یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کے خلاف جرائم پر استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور شفافیت کے فروغ کیلئے آزادی صحافت ناگزیر ہے۔

قائم مقام صدر نے فلسطین کی صورتحال پر کہاکہ جنگ زدہ علاقوں خصوصاً غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کئی صحافی شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں اب تک ایک سو تیس سے زائد صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے صحافتی تنظیموں اور صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے خلاف جرائم پر اسرائیل کا احتساب کرے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے بغیر پریس کی آزادی ممکن نہیں ہے۔

صحافیوں کے خلاف جرائم پر استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے کہا کہ صحافی تنازعے اور جنگی علاقوں سے خبریں دینے کا فرض ادا کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگاتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئین اظہار رائے کی آزادی، پریس کی آزادی اور معلومات تک رسائی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان حقوق کی پاسداری کیلئے پُرعزم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے باوجود غزہ میں سچائی اور حقیقت کو ظاہر ہونے سے روکنے کیلئے درجنوں صحافیوں کو دانستاً قتل کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری اور عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے قتل عام پر اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔