Saturday, 02 November 2024, 10:33:49 pm
 
وزیر اطلاعات کا تمام دوست ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کے عزم کااظہار
November 02, 2024

اطلاعات ونشریات کے وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت اورتمام سرکاری اداروں کی انتھک کوششوں کے ثمرات نظر آرہے ہیں کیونکہ ملک میںتمام دوست ممالک سے سرمایہ کاری آرہی ہے۔

پاکستان ٹیلی وژن کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے ملکوں کیلئے بہتر سفارتکاری کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے منافع بخش اور سازگار ماحول پیدا ہورہا ہے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کے تمام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے گی اور بین الاقوامی سطح پر ملکی وقار اور عزت میں اضافہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور قطر میں سعودی ولی عہد' امیر قطر اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ انتہائی مفید اور مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے ایک سوال پر کہاکہ دوست ممالک کے ساتھ طے پانے والے تمام معاہدے قابل عمل ہیں اور ان پر کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے چونتیس معاہدوں میں سے پانچ سے چھ پر کام شروع ہوچکا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پہلے ہی دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات' قطر اور سعودی عرب سے سرمایہ کاری میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتر ہوئے ہیں جبکہ وسطی ایشیاء کے تمام ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے دہشت گردی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اس لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے حکومتی غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔