Saturday, 27 July 2024, 05:02:34 am
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل گیٹس کا پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال
December 02, 2023

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج (ہفتہ) دبئی میں COP-28 کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کاکڑ اور مسٹر گیٹس نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے مسٹر گیٹس کو پاکستان میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ وزیر اعظم نے پورے پاکستان میں بچوں تک ویکسین کی زیادہ سے زیادہ رسائی کے لیے حکومت کے مکمل عزم پر زور دیا۔ وزیر اعظم اور مسٹر گیٹس نے BMGF کی طرف سے پاکستان کو مالی شمولیت، غربت کے خاتمے اور غذائی قلت کے حوالے سے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گیٹس فانڈیشن سے ملنے والے تعاون کو سراہتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ BMGF پاکستان کے ساتھ مل کر تعلیم کے میدان میں قومی صلاحیتوں کو بڑھانے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے قبل از وقت وارننگ اور ہنگامی کارروائیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ زرعی ویلیو چینز کو ڈیجیٹل کرنے کے کام کو آگے بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے۔