پاکستان کا دو رکنی وفد دوحہ میں ہونے والے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آج (پیر) قطر روانہ ہورہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی وفد کی سربراہی کررہے ہیںپیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی مرزا افتخار بیگ ان کے ہمراہ ہوں گے۔ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی بجٹ اور منصوبہ بندی کی قائمہ کمیٹی کا چار روزہ اجلاس آج شروع ہوگا۔پاکستان ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کا ایک متحرک اور بااثر رکن ہے۔تنظیم میں پاکستان' چین' روس' بھارت ' سعودی عرب' ایران' عراق' ملائشیا' انڈونیشیا' قطر' ترکی' متحدہ عرب امارات' بنگلہ دیش سمیت خطے کے تینتالیس ممالک شامل ہیں جبکہ دیگر چودہ ملکوں کو مبصر کی حیثیت حاصل ہے۔