وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ان کے سعودی عرب اور قطر کے دورے انتہائی کامیاب رہے جس سے پاکستان کی معیشت مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ان کی ملاقات کے دوران ولی عہد نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا وفد آئندہ چند روز میں سعودی عرب کا دورہ کررہا ہے جس میں سعودی قیادت سے کان کنی، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری سمیت متعدد امور پر بات چیت کی جائیگی۔
شہبازشریف نے کہا کہ ان کا دورہ قطر انتہائی مفید رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مجموعی دوطرفہ تعلقات بالخصوص پاکستان میں قطر کی جانب سے تین ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کا وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کریگا اور اس موقع پر ہونے والی بات چیت کے بعد قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرینگے۔