قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے انتھک کوششوں اور غیر متزلزل عزم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ آج (پیر) اسلام آباد میں ستائیسویں پائیدار ترقی کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے جو پائیدار ترقی کے حصول کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ طرز حکمرانی کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ شفافیت، شمولیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پائیدار سرمایہ کاری ایکسپو دو ہزار چوبیس کے دوسرے ایڈیشن کی تعریف کی جس کا انعقاد جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کے تعاون کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے کیا گیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان نے وسیع تر انسانی بہبود کیلئے پائیدار ترقی حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ پہلے ہی شمسی توانائی پر منتقل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے ایجنڈے میں پائیدار ترقیاتی اہداف کو بھی شامل کیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی رابطہ کار رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر قیادت حکومت ایسے روشن مستقبل کے حصول کے لیے پُرعزم ہے جس میں قومی ترقی کے تمام پہلو ئوں کا احاطہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کی آلودگی، ری سائیکلنگ کی حوصلہ افزائی اور پائیدار متبادل ذرائع کے فروغ کیلئے شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔