قومی اسمبلی نے آج سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد کے حوالے سے ترمیمی بل 2024 کی منظوری دی۔
یہ بل وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔
بل کے اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرقانون نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے ججوں کی تعداد کے حوالے سے ترمیمی بل کے تحت ججوں کی تعداد چونتیس تک بڑھائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا یہ بل مجاز عدالت میں زیرالتواء مقدمات کے معاملے کا مسئلہ حل کرنے کیلئے لایا جارہا ہے۔
ایوان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجر ترمیمی بل 2024 اور اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2024 کی بھی منظوری دی۔
وزیرقانون نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2024 کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کی تعداد نو سے بڑھا کر بارہ کردی گئی ہے۔
ایوان سے منظور کئے گئے دیگر بلوں میں پاکستان آرمی ترمیمی بل 2024، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2024 اور پاکستان نیوی ترمیمی بل 2024 شامل ہیں۔
یہ بل وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے پیش کئے۔
ایوان کا اجلاس کل دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔