سندھ حکومت نے صوبے کے ہسپتالوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ویکسی نیٹرز ، تکنیکی عملہ اورنرسوں کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت آج(جمعرات کو) کراچی میں محکمہ صحت کے اجلاس میں کیاگیا ۔
اجلاس میں صوبے کے ضلعی اور تعلقہ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اوردیہی مراکز صحت میں ثانوی سطح کی سہولیات کے ایک سوپچیس یونٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
سید مراد علی شاہ نے عوام کی سہولت کیلئے سول ہسپتال کراچی میں میڈیکل اینڈ سرجیکل ٹاور اور لاڑکانہ میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کے قیام کی ہدایت کی ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں گیارہ نیوٹریشن سٹیبلائزیشن سنٹرز کے قیام کی بھی منظوری دی ۔