قومی اسمبلی نے آج انتخابات دوسرا ترمیم بل 2024ء کی منظوری دی۔
بل بلال اظہر کیانی نے پیش کیا تھا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے کلمات میں کہا کہ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا استحقاق ہے اور یہ بل آئین کی روح کے عین مطابق ہے۔
بل کے تحت کوئی آزادامیدوار آئین اور قانون میں اس حوالے سے مقررہ مدت کے بعد کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو سکے گا۔
بل کے تحت کسی بھی کامیاب آزادامیدوار کی جانب سے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت ناقابل تنسیخ ہو گی۔
بعد میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے بارے میں قومی پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنوینئر بلال اظہر کیانی نے آج اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی جانب سے دوسرا انتخابی ترمیم بل 2024ء کی منظوری سے ابہام ختم ہو گا اور مخصوص نشستوں سے متعلق صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس انتہائی ضروری بل کیلئے ارکان پارلیمنٹ کی حمایت پر ان کی مشکور ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ سینٹ بھی اس کے بعد ایسے بل کی منظوری دیگا جو قانون بن جائیگا۔
قومی اسمبلی نے آج ایک قرارداد منظور کی جس میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں بند کرے۔
یہ قرارداد امور کشمیر کے وزیر امیر مقام نے پیش کی تھی جس میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔قرارداد میں بھارت سے جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیادت کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول کی خاطر کشمیریوں کو منصفانہ جدوجہد کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیر کے نصب العین کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں پوری قوم کا موقف ایک ہے۔
ادھر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹس کا بروقت اجراء یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیس جدید ترین پرنٹرز سمیت متعلقہ سامان خریدا جا رہا ہے تاکہ پاسپورٹ پرنٹنگ کی تعداد کو یومیہ پچپن ہزار تک بڑھایاجا سکے۔
ایوان کا اجلاس جمعے کو صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔